Best Offer

رمضان المبارک نیکیوں کاموسم بہار

تحریر: محمدطفیل ندوی
جنرل سکریٹری !امام الہندفائونڈیشن ممبئی

اللہ تبارک وتعالی کی مہربانی ورحمت کاکیا پوچھنا وہ تو اپنے بندوں پر سترمائوں سے بھی زیادہ مہربان ہے ،وہ توبہ واستغفارکوپسندکرتاہے اورگناہوں میں سرتاپا ڈوبے ہوئے لوگوں کوبھی اپنی رحمت سےمایوس نہ ہونےکی ہدایت کرتاہے،رمضان المبارک اللہ تعالی کی رحمت کاعظیم مظہرہےجس میں اس کی رحمت کا دریا سمندرکی شکل اختیار کرلیتاہے ،رحمت باری جوش میں ہوتی ہے ،چھوٹی چھوٹی نیکیوں کی بھی وہ قدرافزائی اوربدلہ کہ ہم تصور نہیں کرسکتے اورپھررمضان المبارک کی برکتوں سے ایساخوشگوارماحول جوخودبخود خیرکی طرف متوجہ کرتاہے اوربرائیوں سے وحشت محسوس ہونےلگتی ہے خیروبرکت کے اس ماحول میں اگر تھوڑی سی بھی کوشش کی جائے توہم میں سے ہرفرد اپنے نفس کی تربیت وتزکیہ کرکے ایک پاکیزہ زندگی کاآغازکرسکتاہے،ایک ایسی زندگی جو ہمارے رب کو مطلوب ہے اورجس کے نتیجےمیں ہم تمام ابدی ودائمی مسرتوں کےحقدار بن سکتےہیں یہ کام مشکل توہےمگرناممکن نہیں ہمت اورکوشش سے کیا نہیں ہوسکتا ایک باراگرہم نے اپنے قدم اس سمت بڑھادئیے توہرمرحلے پراللہ تعالی کی تائیدونصرت ہمارےساتھ ہوگی وہ خیرکے راستے کوہمارےلئے اتنا آسان کردیگا جتناہم تصوربھی نہیں کرسکتے،دیکھئےاللہ تعالی خودفرماتا ہے’’اگر ہم اس کی طرف ایک بالشت بڑھیں گے تووہ ہماری طرف دوبالشت بڑھےگا ،ہم اس کی طرف چلناشروع کریں گے تووہ ہماری طرف دوڑتاہواآئیگا اوریقینااس میں کوئی شک نہیں کہ اصل چیز عزم اورارادہ ہے یہ رمضان کی شکل میں ہمارےسامنے ایک سنہرا موقع ہے جس میں ہم اہم فیصلے کرسکتےہیں اوربہت کچھ حاصل کرسکتےہیں، ایسانہ ہوکہ رحمتوں اور برکتوں کے ڈول برستےجائیں اورہم اتنے بدنصیب ہوںکہ ہمارےحصےمیں کچھ نہ آئیں ،رمضان المبارک کویہ فضیلت واہمیت حاصل ہےکہ یہ روزوں کابھی مہینہ ہے اور قرآن کابھی جولوگوں کیلئے ذریعہ ہدایت ہے،روزےکامقصد اللہ تعالی کی عظمت کااظہار اوراس کی شکرگذاری ہےروزےدارکیلئے یہ چیزضروری ہےکہ وہ روزےکی شکل میں ملنےوالی نعمت اورفضل خداوندی کویادکریں اوراس کاشکراداکریں اورہرآن یہ احساس رکھےکہ روزہ اللہ کی بہت بڑی نعمت ہےاوراس کاحق اداکرنا میری سب سےپہلی ذمہ داری ہے۔
دوسروں کی تکلیف محسوس کرنیکامہینہ
ان تمام فرائض کیساتھ پیارےنبی حضرت محمدﷺ نے رمضان کوہمدردی وغمگساری کامہینہ بھی قراردیاہے،یعنی اس ماہ میں روزہ رکھ کر بھوک وپیاس اورتکلیف کاجو احساس ہوتاہے اس سے انسان دوسرےانسانوں کے دردوکرب اورتکلیف کومحسوس کرتاہے دنیاکی طلب اور مال کی محبت بےشمارخرابیوں کی جڑہے، رمضان میں کثرت سے صدقہ وخیرات کرکے ہم اس خرابی پر بہت حدتک قابوحاصل کرسکتےہیں ویسےبھی ایک پیسہ یاایک دانہ جواللہ تعالی کی راہ میں خرچ کیاجاتاہےاس پر دس گناسےلےکرسات سوگناتک اجرکاوعدہ ہے،رمضان میں کتنا اجرملےگااس کااندازہ بھی نہیں کیاجاسکتا، اس مہینہ میں مومن کے رزق میں اضافہ کردیاجاتاہے،جوشخص اس ماہ مبارک میں کسی روزےدارکوافطارکراتاہےتواس کے گناہوں کی بخشش ہوجاتی ہےصحابہ کرام ؓ نے عرض کیا یارسول اللہ ﷺ اگرہم میں سے کسی کےپاس افطارکرانےکیلئے کوئی چیزموجودنہ ہوتو وہ کیاکریں توآپ ﷺ نے فرمایا جوشخص کسی روزےدارکوایک کھجور،ایک قطرہ پانی یادودھ سے بھی افطارکرائیگاتواللہ تعالی اسےبھی اس کے ثواب سے محروم نہیں فرمائیگا پس رمضان میں ہم اپنی مٹھی کھولیں،اللہ تعالی کے دین کے غلبہ کیلئے ،غریب رشتہ داروں،پڑوسیوں ،یتیموں ،بیوائوںاورضرورت مندوں کیلئے جتنا مال ہم خرچ کرسکتےہیںخرچ کریں،بھوکوں کوکھاناکھلائیں،مریضوں کیلئے علاج کابندوبست کریں،غریب طلباءکی مدد اورمساجدومدارس کی تعمیر وترقی میں حصہ لیں تمام انسانوں کیساتھ پیار،محبت، عفوودرگذراوراحسان کی عادت ہم بنالیںاوراس کو ضروری سمجھیں،
رمضان میں پانچ چیزوں کا تحفہ
ہمارے نبی حضرت محمدﷺ کافرمان ہےکہ میری امت کو ماہ رمضان میں پانچ چیزیں ایسی عطاکی گئیں جواس سےپہلے کسی امت کو نہ ملی ،پہلی یہ کہ جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تواللہ تعالی ان کی طرف رحمت کی نظرفرماتا ہے،دوسری یہ کہ روزےدارکی منہ کی بدبو جوبھوک کی وجہ سے ہوتی ہے اللہ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی بہترہوتی ہے،تیسری یہ کہ فرشتے ہررات ودن ان کیلئے مغفرت کی دعائیں کرتےرہتےہیں،چوتھی یہ کہ اللہ تعالی جنت کو حکم دیتےہےکہ میرےبندوں کیلئے مزین ہوجا عنقریب وہ دنیا کی مشقت سے میرے گھر اورکرم میں راحت پائیں گے،پانچویں یہ کہ جب ماہ رمضان کی آخری رات آتی ہے تواللہ تعالی سب کی مغفرت فرمادیتاہے،یہی وجہ ہےکہ رمضان المبارک میں ہماری زندگیوں کانقشہ بہت حدتک تبدیل ہوجاتاہےپابندی سے روزےجوبہت بڑی نیکی ہے جس کے بارےمیں اللہ کے رسول ﷺ کی ایک حدیث میں اللہ تعالی کافرمان ہے کہ’’ روزہ میرےلئےہےاورمیں ہی اسکابدلہ دونگا‘‘ ،نمازوں کااہتمام،صدقہ وخیرات کی ادائیگی،زبان کی حفاظت،صبح وشام تلاوت قرآن ،راتوں میں اللہ کے حضورکھڑاہونا،توبہ واستغفارسے رغبت اورنہ جانے کتنےہی اعمال خیر ہماری زندگیوں کاحصہ بن جاتےہیں ہم اللہ تعالی سے دعاکریں کہ اللہ رب العزت ہمارے لئے اس رمضان کو ہماری زندگی کیلئےایک نئی زندگی کا آغازبنادیں اوراس رمضان سے خوب فائدہ اٹھانےکا شوق اورہمت عطافرمائے ۔
روزے کا اصل مقصد تقوی ہے
روزے کا اصل مقصد تقوی ہے اور جس طرح نیکیوں اور عبادات سے زندگی کا پر ہونا ضروری ہے اسی طرح کامل ایمانی زندگی اور تقوی وطہارت کا حصول بھی گناہوں سے اجتناب کئے بغیر ناممکن ہے چنانچہ اسی عظیم مقصد کی طرف اس آیت مبارکہ میں صراحتا بیان کیا گیا’’اے ایمان والوں تم پر روزے کو فرض کیا گیا ہے جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیا گیا تاکہ تم پرہیز گار ہوجاؤ‘‘اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ماہ رمضان کے علاوہ مہینوں میں گناہ کرنے کی گنجائش ہے بلکہ اس کا اثر عملی طور پر پوری زندگی پر ہونا چاہیے اکثر ایسا ہوتا ہے کہ انسان رمضان میں دوسرے کیساتھ تعلقات اور معاشرتی روابط کے معاملے میں خاص توجہ نہیں دیتا اور اپنے ماتحتوں اور غیروں کیساتھ غیر منصفانہ رویہ رکھتا ہے اور ان کے حقوق کی پامالی کرتا ہے جس کیوجہ سے اسکا روزہ بیکار اور ضائع ہوجاتا ہے لہذا دوسروں کے حقوق کی پامالی کئے بغیر عادلانہ زندگی گزاریں تاکہ ہمارا بھوکا اور پیاسا رہنا ذخیرہ آخرت بنے اور جنت میں جانے کا ذریعہ اسی طرح ہم قرآن مقدس کی تلاوت سےاپنے دل کومنورکریں ،یوں تو قرآن کریم کی تلاوت کے فضائل وفوائد بے شمار ہیں لیکن ماہ رمضان المبارک کو قرآن کریم سے گہری مناسبت ہے ،آپ ﷺدیگر مہینوں کے مقابلہ رمضان المبارک میں طویل قرات فرماتے تھے حضرت حذیفہ ؓ فرماتے ہیں کہ ایک رات رمضان المبارک میں میں نے آقاﷺ کیسا تھ نیت باندھ لی آپ ﷺنے سورہ بقرہ پڑھی ،، پھر سورہ آل عمران ،دوہی رکعت میں آپ ﷺنے یہ پڑھا تھا کہ حضرت بلالؓ آگئے نماز کیلئے آذان دی حضور ﷺ کے اسی اہتمام کو دیکھ کر بعض اسلاف رمضان کی تین راتوں میں ایک قرآن بعض ہر ہفتہ اور بعض اکابر ہر دس دن میں ایک قرآن ختم کرنے کا اہتمام کرتے تھے۔
رمضان المبارک میں دعاؤں کااہتمام
پھراسی طریقےسے دعائوں کااہتمام کریں الدعاءمخ العبادہ دعاعبادتوں کا مغز بلکہ عین عبادت ہے ، اسی لیے اس مبارک اور نیکیوں کے موسم میں جس قدر دعا کا اہتمام کیا جائے باعث خیر و برکت ہے
رمضان المبارک کے دن و رات میں عاجزی و محتاجگی کے اظہار کے ساتھ خوب دعائیں کرنی چاہئیں، اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا ارشاد ہے’’اور جب آپ سے میرے بندے میرے متعلق پوچھیںتو میں قریب ہوں، دعا کرنے والے کی دعا قبول کرتا ہوں، جب بھی وہ مجھے پکاریں، انھیں چاہیے کہ میرے احکام مانیں اور مجھ پر بھروسہ رکھیں، تا کہ وہ رشد و ہدایت پائیں،علامہ ابن تیمیہؒ فرماتے ہیں کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اس آیت میں یہ بتایا ہے کہ وہ اپنے بندوں کے قریب ہے اوردعا کرنے والے کی دعاء کوسنتا ہے، وہ جب بھی پکارے اللہ تعالی اسے قبول کرتا ہے اس میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو ربوبیت کی خبردے رہا ہے اورانھیں اس کا سوال اوران کی دعا ءکی قبولیت کا شرف بخش رہا ہے کیوں کہ جب بندے اپنے رب سے دعا کرتے ہیں تو وہ اس کی ربوبیت پر ایمان لا کرایسا کرتے ہیں،اس آیت میں پہلی بات یہ ہے کہ اللہ تعالی نے عبادت واستعانت میں جس چیز کا حکم دیا ہے ، وہ اس میں اس کی اطاعت کرتے ہوئے اس کی بات تسلیم کریں ،دوسرے یہ کہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت اوراس کی الوہیت پر ایمان، اوریہ ایمان رکھنا کہ وہ ان کا رب معبودہے ، اوراسی لیے کہا جاتا ہے کہ دعا اس وقت قبول ہوتی ہے ، جب اعتقاد صحیح ہو اوراطاعت بھی مکمل پائی جاتی ہو ، اس لیے کہ اللہ تعالی نے دعاء کی آیت کے آخر میں اسے اپنے اس فرمان میں کچھ اس طرح بیان کیا ہےلہذاانہیں چاہیے کہ وہ میری بات تسلیم کریں اورمجھ پر ایمان رکھیں۔
دلوں کی صفائی کیلئے رمضان المبارک کامہینہ
اللہ تعالیٰ نے یہ مبارک مہینہ اس لیے عطا فرمایا کہ گیارہ مہینے انسان دنیا کے دھندوں میں منہمک رہتا ہے جس کی وجہ سے دلوں میں غفلت پیدا ہوجاتی ہے، روحانیت اور اللہ تعالیٰ کے قرب میں کمی واقع ہوجاتی ہے، تو رمضان المبارک میںآ دمی اللہ کی عبادت کرکے اس کمی کو دور کرسکتا ہے، دلوں کی غفلت اور زنگ کو ختم کرسکتا ہے، تاکہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرکے زندگی کا ایک نیادور شروع ہوجائے، جس طرح کسی مشین کو کچھ عرصہ استعمال کرنے کے بعداس کی سروس اور صفائی کرانی پڑتی ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ نے انسان کی صفائی اور سروس کے لیے یہ مبارک مہینہ مقرر فرمایا،رمضان المبارک میں خاص طور پر گناہوں سے پرہیز کرنا نہایت ضروری ہے، ہر مومن کو یہ طے کرلینا چاہیے کہ اس برکت ورحمت اورمغفرت کے مہینے میں آنکھ، کان ،اور زبان غلط طریقےپر استعمال نہیں ہوگی، جھوٹ، غیبت، چغل خوری اور فضول باتوں سے مکمل پرہیز کریںگے،یہ کیا روزہ ہوا کہ روزہ رکھ کر ٹیلی ویژن کھول کر بیٹھ گئے اور فحش وگندی فلموں سے وقت گزاری ہورہی ہے، کھانا، پینا اورجماع جو حلال تھیں ان سے تو اجتناب کرلیا لیکن مجلسوں میں بیٹھ کر کسی کی غیبت ہورہی ہے، چغل خوری ہورہی ہے، جھوٹے لطیفے بیان ہورہے ہیں، اس طرح روزے کی برکات جاتی رہتی ہیں،حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا’’جو آدمی روزہ رکھتے ہوئے باطل کام اور باطل کلام نہ چھوڑے تو اللہ تعالیٰ کو اس کے بھوکا پیاسا رہنے کی کوئی ضرورت نہیں‘‘ یعنی روزے کے مقبول ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آدمی کھانا پینا چھوڑنے کے علاوہ معصیات ومنکرات سے بھی زبان ودہن اور دوسرے اعضاء کی حفاظت کرے، اگر کوئی شخص روزہ رکھے اور گناہ کی باتیں اور گناہ والے اعمال کرتا رہے تو اللہ تعالیٰ کو اس کے روزے کی کوئی پروا نہیں،ایک اور حدیث شریف میں حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا’’بہت سے روزہ رکھنے والے ایسے ہیں کہ ان کو روزے کے ثمرات میں سے بھوکا رہنے کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا اور بہت سے شب بیدار ایسے ہیں کہ ان کو رات کے جاگنے کی مشقت کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا‘‘مطلب یہ ہے کہ آدمی اگر گناہوں غیبت وریا وغیرہ سے نہ بچے تو روزہ، تراویح اور تہجد وغیرہ سب بیکار ہے،ان تمام گفتگو کا مدعا یہ ہے کہ روزے کا مقصد تقویٰ اور رمضان المبارک کی برکتوں اور رحمتوں کے حصول کیلئے معصیات ومنکرات سے پرہیز نہایت ضروری ہے، اس کے بغیر تقوے کی سعادت سے متمتع نہیں ہوسکتا۔

Check Also

روزہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے نسخہ اکسیر اور روحانی امراض کا بہترین علاج ہے

تحریر: محمد عبدالحفیظ اسلامیسینئر کالم نگارو آزاد صحافی۔ فون نمبر:9849099228 یَا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُواْ کُتِبَ …