Best Offer

امانی گنج میں طالب علم کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

ہردوئی: 25 مارچ، ہماری آواز(یاسر قاسمی)
امانی گنج میں ایک طالب علم کے تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے نائب صدر اور ہر دو ئی یونٹ کے صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
بعد نماز جمعہ منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا چھوٹے چھوٹے بچوں کا قرآن مجید کے تیس پارے اپنے سینوں میں محفوظ کر لینا ایک عظیم معجزہ ہے ورنہ چند صفحات پر مشتمل ایک چھوٹی سی کتاب یاد کرنا بھی مشکل ہوتا ہے، معروف بزرگ حضرت قاری صدیق احمد صاحب باندوی رحمتہ اللہ علیہ کا قول نقل کرتے ہوئے کہا جب کوئی بچہ شعبہ حفظ میں داخلہ لیتا ہے تو اللہ تعالی اس کا حافظہ سات سو گنا تک قوی کردیتا ہے، مولانا نے ایک واقعہ ذکر کرتے ہوئے بتایا بانی دارالعلوم حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نے بچپن میں حفظ قرآن نہیں کیا لیکن پانی والے جہاز پر سفر حج کے دوران ماہ رمضان میں روزانہ ایک پارہ حفظ کر کے تراویح میں سنایا، اس طرح ایک ماہ میں وہ حافظ ہوگئے، شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ نے مالٹا کی جیل میں اسیری کے دوران ماہ رمضان میں ایک پارہ یاد کر کے تراویح میں سنایا، اس طرح وہ بھی ایک ماہ میں حافظ ہوئے ،مولانا نے کہا اللہ تعالی نےقرآن مجید کی حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے، حضرات مفسرین کے مطابق اشارۃالنص ثابت ہے کہ یہ وعدہ صرف قرآن مجید کی حفاظت کا وعدہ نہیں ہے، بلکہ اس وعدے میں قرآن مجید سے وابستہ ہر شے کی حفاظت مضمر ہے، خواہ وہ قرآن مجید سےمتعلقہ علوم ہوں یا افراد، یاسر عبدالقیوم قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے تبلیغ حفظ قرآن سے بہر ہ ہونے والے طالب علم اور اس کے والدین کو مبارکباد پیش کی، انہوں نےمسلم طلبہ و طالبات کے لیے عصری تعلیم گاہوں اور مکاتب دینیہ کے قیام پر زور دیا، تلاوت کلام اللہ سے آغاز کے بعد نعت و منقبت کے اشعار حافظ محفوظ الرحمان نے پیش کیے، نظامت مولانا انیس الرحمن نے کی، جلسے کے کنوینر حافظ جلال الدین کی طرف سے سب مہمانوں کے لئے اظہار تشکر کیا گیا۔

Check Also

مدرسہ معہد البشیر الاسلامی سندیلہ کی طالبہ نے 8 ماہ میں ناظرہ قرآن مجید کیا

ہردوئی: 29مارچمدرسہ معہد البشیر الاسلامی بشیر نگر ملکانہ سندیلہ کے ایک طالب علم حافظ محمد …